اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں الیکشن کمیشن کو فواد چوہدری کیخلاف حتمی فیصلے سے روک دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں فواد چوہدری کی توہین الیکشن کمیشن انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفت امتیاز نے کیس کی سماعت کی۔
درخواستگزار کے وکیل فیصل چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ ایک وقت میں کسی ملزم کے خلاف دو فورمز پر کاروائی نہیں کرسکتے۔ یہ سائل کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اگر اس کی اجازت دی جائے تو حکومت مخالفین کو ایسے مقدمات میں الجھائے رکھے گی۔
وکیل نے کہا فواد چوہدری کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے ، سنگل بینچ نے سماعت میں اہم ترین نقاط کو مدنظر نہیں رکھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکتے ہوئے جواب بھی طلب کر لیا۔