لاہورہائیکورٹ نے الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون میں ترمیم کیخلاف سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کرلیا گیا جبکہ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ تمام فریقین 23 اکتوبرتک اپنے جوابات جمع کرائیں۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ پٹیشن میں اہم نکات اٹھائے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ الیکشن ایکٹ میں تاحیات نااہلی کے قانون کو ختم کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے، شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈوکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ میں ترمیم کر کے نااہلی کی مدت کو بڑھایا گیا ہے جبکہ سپریم کورٹ آئین کے آرٹیکل 62 ایف ون کی پہلے ہی تشریح کر چکی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی تشریح کے بعد قانون میں ترمیم کرنا آئین کے آرٹیکل 175 کے سیکشن 3 کی خلاف ورزی ہے لہذا عدالت الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔