پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار وسیم قادر کی ن لیگ میں شمولیت پر بیرسٹر گوہر خان کا سخت رد عمل سامنے آگیا۔ کہتے ہیں کہ ہمارے تمام آزاد امیدوار ہم سے رابطے میں ہیں، وسیم قادر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، مینڈیٹ بدلنے والوں کا انجام سب نے دیکھ لیا، ایک پارٹی سے رابطہ ہے، ابھی کسی پارٹی کو جوائن کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا، مینڈیٹ نہ مانا گیا تو تگڑی اپوزیشن کریں گے
پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد منتخب رکن قومی اسمبلی وسیم قادر کی ن لیگ میں شمولیت پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے تمام آزاد امیدوار ہم سے رابطے میں ہیں، وسیم قادر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، مینڈیٹ بدلنے والوں کا انجام سب نے دیکھ لیا، یہ اچھا نہیں کہ کسی کی سپورٹ سے جیت کر دوسری جماعت میں شامل ہوجائیں۔
گوہر خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے محمود خان اور پرویز خٹک کو مسترد کردیا، ہم نے کسی سے حلف نامے اور استعفے نہیں مانگے، ہم نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ کچھ لوگ وفاداریاں بدلیں گے، ہم پارلیمان میں ہر طرح کی خرید و فروخت کا راستہ روکیں گے۔
پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ مخصوص سیٹوں کے حوالے ایک پارٹی سے بات چل رہی ہے، کس پارٹی کو جوائن کرنا ہے ابھی فیصلہ نہیں ہوا، ہم محفوظ روٹ لینا چاہتے ہیں، ہم کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے۔
گوہر خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن چاہے تو ایک دن میں نتائج کا معاملہ سلجھا سکتا ہے، الیکشن کمیشن ریٹرننگ افسران کو بلاکر معاملہ حل کرسکتا ہے، ای سی پی نے بہت سے فیصلے ہمارے خلاف کئے لیکن عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی وکٹری تقریر پر حیران ہوں، یہ اسی کا نتیجہ ہے جو کہتے تھے کہ ہماری بات ہوئی ہے، ن لیگ والے ہمارے امیدواروں سے رابطے کررہے ہیں، کچھ نہ ہوا تو ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے، مینڈیٹ نہ مانا گیا تو تگڑی اپوزیشن کریں گے۔