حکومت سازی کیلئے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، ن لیگ کی دعوت پر ایم کیو ایم پاکستان کا وفد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا۔ آج رات نواز شریف سے ملاقات کا امکان ہے۔
مسلم لیگ ن نے حکومت سازی کیلئے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں، جس کیلئے شہباز شریف نے سابق صدر آصف زرداری سے کئی ملاقات کیں، اب ن لیگ کی دعوت پر ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بھی کراچی سے لاہور پہنچ گیا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی 17 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے تمام جماعتوں کو حکومت سازی میں شریک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہباز شریف کو رابطوں کی ہدایت کی تھی۔
شہباز شریف نے گزشتہ روز نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو فون کیا، انہیں جیت پر مبارکباد دی اور حکومت سازی سے متعلق معاملات پر گفتگو کی تھی۔
ایم کیو ایم پاکستان کا وفد ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں لاہور پہنچ گیا ہے، جس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، سینئر رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال بھی شامل ہیں۔
ایم کیو ایم کے وفد کی آج مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سمیت دیگر قیادت سے ملاقات متوقع ہے، جس میں سیاسی صورتحال اور حکومت سازی سمیت دیگر امور پر بات ہوگی۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ملک بھر سے 102 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے، جس میں سے اکثریت پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ ہے، مسلم لیگ ن 73 سیٹیں جیت چکی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کی 54، ایم کیو ایم پاکستان کی 17 جبکہ ق لیگ اور جماعت اسلامی کی 3، 3، استحکام پاکستان پارٹی کی 2 اور دیگر جماعتوں کی تین نشستیں ہیں۔