عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہ قومی اسمبلی پہنچ گئے، نواز شریف 6 سال بعد ایوان زیریں کا حصہ ہوں گے، مریم نواز پہلی بار قومی اسمبلی کا حصہ ہوں گی، شہباز شریف بھی 2 حلقوں سے فاتح، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، آصف زرداری بھی قومی اسمبلی تک رسائی کے معرکے میں کامیاب، بیرسٹر گوہر علی خان، مولانا فضل الرحمان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور آئی پی پی صدر عبدالعلیم خان بھی قومی اسمبلی کا انتخاب جیت گئے
پاکستان میں عام انتخابات کیلئے 8 فروری کو پولنگ ہوئی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی اور نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔
انتخابی معرکے میں بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہ نے اپنی اپنی نشستیں جیت کر قومی اسمبلی تک رسائی حاصل کرلی۔
مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف 6 سال بعد ایوان میں جلوہ گر ہوں گے، انہوں نے لاہور کی نشست پر کامیابی حاصل کی تاہم مانسہرہ کی سیٹ ہار گئے، لیگی صدر شہباز شریف بھی قومی اسمبلی کا حصہ ہوں گے، مریم نواز شریف بھی پہلی بار قومی اسمبلی پہنچ گئیں۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق صدر آصف زرداری کی بھی ایک اور باری لگ گئی، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری مسلسل دوسری بار پارلیمنٹ پہنچ گئے۔
جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 5 سال بعد اپنی سیٹ پکی کرنے میں کامیاب ہوگئے، پہلی بار انتخابات کا حصہ بننے والی آئی پی پی کے صدر عبدالعلیم خان بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستیں جیت گئے۔
پی ٹی آئی کے رہنماء بیرسٹر گوہر بونیر سے سیٹ نکالنے میں کامیاب ہوگئے، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل بھی ایوان میں عوام کی نمائندگی کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی بھی ایک بر پھر قومی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔