لاہور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی فارم 47 مرتب کرنے کے عمل میں شامل نہ کرنے کیخلاف دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو این اے 128 پر آئی پی پی رہنماء عون چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے این اے 128 کے امیدوار سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن رولز کے مطابق فارم 47 مرتب کرتے وقت امیدواروں کی موجودگی ضروری ہوتی ہے اور امیدواروں کی موجودگی میں جاری کیا جاتا ہے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ہماری موجودگی میں صرف 13 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ مرتب ہوا، اس دوران سرکاری وکیل نے ریمارکس دیئے کہ اگر ان کو کوئی شکایت ہے تو یہ الیکشن کمیشن جائیں، یہ درخواست ناقابل سماعت ہے۔
عدالت نے فریقن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 12 فروری کو جواب طلب کرلیا اور این اے 128 میں امیدوار کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
واضح رہے کہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے عون چوہدری نے ایک لاکھ 72 ہزار 576 ووٹ لیکر کامیابی حاصل کی جبکہ سلمان اکرم راجا ایک لاکھ 59 ہزار 24 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔