سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق جاری ہے، چن چن کر افغان طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان رجیم کی کواڈکاپٹر کے ذریعے پاکستانی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کا پٹرز گرادیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے گولہ باری جاری ہے، افغان طالبان رجیم کے 44 اہلکاروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ڈرونز کے ذریعے چن چن کرطالبان ریجیم کی پوسٹوں کونشانہ بنایا جارہا ہے۔
پاک افغان سرحد پر کھڑے پاک فوج کے جوان مادر وطن کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔ باجوڑ سیکٹر پر کھڑے پاک فوج کے جوان کا کہنا ہے کہ رات کو افغان سرحد کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور یہ دوبارہ دہرائی گئی، افغان طالبان کو اندازہ نہیں کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے۔
فوجی جوان کا کہنا ہے کہ جواب کارروائی میں ہم نے دہشتگردوں بالخصوص افغان طالبان کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا، ہماری قوم کسی سے بھی ڈرنے والی نہیں ہے، اگر کوئی بھارت کے کہنے پر ہم سے پنگا لے گا تو اسے یہ پنگا بہت مہنگا پڑے گا، پاکستان اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔






















