کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دستی بم دھماکے میں خاتون اور بچہ جاں بحق جبکہ گرینیڈ لے جانے والا ملزم ہلاک ہوگیا، واقعے میں 3 بچے زخمی بھی ہوئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا فاروق نامی نوجوان کے پاس موجود ہینڈ گرینیڈ پھٹنے سے ہوا۔ ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کے مطابق فاروق سب انسپکٹر رحمان میرانی کا بیٹا ہے۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ ڈے سے صرف ایک دن قبل کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے حاجی لیموں خان گوٹھ میں دستی بم دھماکا ہوا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق فاروق نامی نوجوان کے ہاتھ میں ہینڈ گرینڈ پھٹا، جس سے وہ موقع پر ہی چل بسا، دھماکے میں زخمی ہونیوالی خاتون اور 4 بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون اور ایک بچہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
واقعے کی سی سی ٹی وی سماء کو موصول ہوئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاروق نے پہلے فون پر بات کی پھر دوکان کے قریب جا کر دھماکا کیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کے مطابق فاروق سب انسپکٹر رحمان میرانی کا بیٹا ہے، جو بم ہاتھ میں لے کر گلی میں جارہا تھا۔
پولیس کے مطابق بچوں نے فاروق کے ہاتھ میں بم دیکھ کر شور مچایا تو اس نے چھپانے کی کوشش کی، اس دوران دھماکا ہوگیا۔
پولیس نے فاروق کے بھائی کو حراست میں لے لیا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔
مزید تفصیلات جانیے : بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے، 26 افراد جاں بحق
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس کی نفری علاقے میں پہنچ گئی، واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ کا نوٹس
نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول بابر نے گلشن اقبال میں دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے پولیس کو واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی آئی جی سندھ اور دیگر اداروں کو سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم بھی دیدیا۔