ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے یکساں بجلی ٹیرف نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے وفاقی حکومت کی درخواست پر اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
نیپرا کے مطابق کے الیکٹرک اور تمام ڈسکوز کے لیے بجلی کا یکساں ٹیرف لاگو ہوگا، جبکہ ملک بھر کے صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف برقرار رکھا جائے گا۔
فیصلے کے تحت گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا زیادہ سے زیادہ ٹیرف 47 روپے 69 پیسے فی یونٹ برقرار رہے گا۔ ایک سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح 101 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف 13 روپے 01 پیسے فی یونٹ برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ ایک سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کے لیے ٹیرف 22 روپے 44 پیسے فی یونٹ برقرار رکھا گیا ہے۔
ماہانہ 101 سے 200 یونٹ تک کا ٹیرف28.91روپے فی یونٹ ، ماہانہ 201 سے 300 یونٹ کا ٹیرف33.10 روپے ، ماہانہ301 سے400 یونٹ کا ٹیرف 37.99روپے ، ماہانہ401 سے 500 یونٹ کا ٹیرف 40.22روپے ، ماہانہ 501 سے600 یونٹ کا ٹیرف 41.62 روپے ، ماہانہ601 سے700 یونٹ کا ٹیرف42.76 روپے، ماہانہ700 یونٹ سے زیادہ کا ٹیرف 47.69 روپے برقرار رہے گا۔
نیپرا کے مطابق ماہانہ 50 یونٹ تک کے گھریلو لائف لائن صارفین کیلئے3.95 روپے کا ٹیرف برقرار رہے گا ، ماہانہ 51 سے100 یونٹ تک لائف لائن صارفین کیلئے ٹیرف7.74 روپے برقرار رہے گا۔ نیپرا نے سال 2026 کے لیے بجلی کےبنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دی تھی اور فیصلہ یکساں ٹیرف کی درخواست کیلئےوفاقی حکومت کو بھجوایا تھا، نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی تھی۔





















