این ڈی ایم اے نے میدانی علاقوں میں برفباری کے حوالے سے خبروں کو غیر سنجیدہ اور بے بنیاد قرار دے دیا، رواں ماہ کے آخری پندرہ دنوں کے دوران سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق جنوری کے آخری پندرہ دنوں کے دوران سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافہ ہو گا جس کے نتیجے میں صرف پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
اٹھارہ جنوری سے ملک میں داخل ہونے والے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخواہ کے بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
مغربی ہواؤں کی آمد خیبر ختونخواہ کے متعدد علاقوں سمیت مغربی بلوچستان اور خطہ پوٹھوہار میں بارش برسائے گا. اگلے تین سےچار روز تک ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں معمول کے مطابق اضافہ متوقع ہے۔
موسم کی موجودہ صورتحال کے دوران پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید سردی کی لہر اور دھند کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ جنوب کی طرف آتی سائبیرین ہواؤں کے باعث بھی درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے جس کے باعث پاکستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر متوقع ہے۔





















