نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدار ت الیکشن کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس دوران صوبے میں الیکشن انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ صوبے کے انتظامی افسران کے ساتھ ویڈیو لنک پر منعقدہ اعلی سطح میٹنگ میں محسن نقوی نے الیکشن کے اگلے روز صوبے بھر کو انتخابی بینروں سے پاک کرنے کی بھی ہدایت کی ۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہناتھا کہ الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ اورموبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی، کسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہوگی۔ انہوں نےواضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ 9فروری صبح فجرکےبعد فوری طورپرشہروں کی صفائی شروع کردی جائے، 9فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اورپوسٹرز ہٹائے جائیں، متعلقہ سیکرٹریزبینرز،پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں، 9فروری کی شام کو تمام علاقوں کوکلیئرکرنےکے بعد رپورٹ دی جائے، 9فروری کی صبح سےکام شروع کردیا جائے، تمام شہرصاف ستھرے چاہئیں،
ان کا کہناتھاکہ چیف سیکرٹری،آئی جی اورصوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے، ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا پولنگ سیٹشنزپر32ہزارسی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب آج ہر صورت مکمل کی جائے ،پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر1ارب روپے کی بچت کی، قومی خزانے کی بچت پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، سکیورٹی انتظامات اور نفری،ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں، الیکشن کمشن کےضابطہ اخلاق کو ہرصورت یقینی بنایاجائے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کنٹرول رومزکو فعال کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرکے ازالے کا موثر میکانزم بنایا جائے، پرامن اورآزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے،آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پریہ ذمہ داری اداکرنی ہے۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبہ بھرمیں پولنگ ڈے پرکیےگئے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی ۔تمام ڈویژنل کمشنرز نے پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔