انتخابات قریب آتے ہی بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال مخدوش ہوگئی، صوبے کے کئی اضلاع میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔ الیکشن کمیشن کے دفاتر، انتخابی ریلیوں، امیدواروں اور ان کے انتخابی دفاتر پر 2 درجن سے زائد حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر مظلوم اولسی تحریک اور جے یو آئی کے انتخابی دفاتر کے قریب 2 دھماکے ہوئے جس میں 3 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ادھر تربت کے علاقے مند میں پی بی 27 کیچ کے آزاد امیدوار میر فدا حکیم رند کے قافلے پر مسلح افراد نے حملہ کیا تاہم فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
واضح رہے گزشتہ روز بلوچستان کے 9 اضلاع میں 15 دھماکے ہوئے تھے جبکہ ایک ماہ کے دوران الیکشن کمیشن، انتخابی دفاتر، ریلیوں اور امیدواروں پر 2 درجن سے زائد حملوں میں اب تک پولیس اہلکار سمیت 8 افراد جاں بحق اور 28 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔