احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ رنفرنس میں 14سال قید کی سزا دیئے جانےکے بعد بانی تحریک انصاف عمران خان کی رہائشگاہ کو سب جیل قراردیدیا گیا ہے اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سخت سکیورٹی میں بنی گالا منتقل کر دیا گیا ہے۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کیلئے بنی گالا کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیاگیااورجیل عملہ بھی بنی گالا تعینات کر دیا گیاہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔توشہ خانہ ریفرنس کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا
اس سے قبل توشہ خانہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے گرفتاری دیدی۔ بشریٰ بی بی گرفتاری دینے اڈیالہ جیل پہنچیں تھیں، جہاں نیب ٹیم نے ان کو گرفتار کیا۔
یہ بھی پڑھیں :۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے گرفتاری دیدی
قبل ازیں آج پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بیٰ کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں 14، 14 سال کی سزا سنادی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں سزا سنائی۔
یہ بھی پڑھیں :۔توشہ خانہ ریفرنس کیا ہے؟بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کوکن بنیادوں پرسزا ہوئی؟
عدالت کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو 10 سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا گیا اور ان پر اور بشریٰ بی بی پر ایک ارب 57 کروڑ 30 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔