انچارج سینٹرل الیکشن سیل پیپلزپارٹی سینیٹر تاج حیدر نے این اے 127 لاہور میں انتخابات سے 8 روز قبل ترقیاتی کاموں پر چیف الیکشن کمشنرکو خط لکھ دیا، ترقیاتی کاموں کی ویڈیوز بھی ای سی پی کو ارسال کردیں۔
پیپلزپارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی حلقے این اے 127 میں الیکشن سے چند روز قبل ترقیاتی کاموں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا، جس میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی روکنے اور متعلقہ افراد کیخلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
سینیٹر تاج حیدر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری این اے 127 سے الیکشن لڑ رہے ہیں، اس حلقے میں کچھ گلیاں دوبارہ تعمیر کی جارہی ہیں، ن لیگ کے کارکنوں کی سربراہی میں قائم کونسلیں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان حلقوں میں ترقیاتی کام کروارہی ہیں جہاں ن لیگی امیدواروں کے ہارنے کی امید تھی۔
پیپلزپارٹی نے غیرقانونی ترقیاتی کاموں کے ویڈیو شواہد بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیا گیا ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسے غیرقانونی کاموں کو ناصرف سختی سے روکیں بلکہ قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے افراد کے خلاف قانون کے تحت کارروائی بھی کریں۔