ڈالر کی بڑھتی قیمت نے پاکستانی معیشت کو ہلاکر رکھ دیا ہے۔تاہم ڈالر اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کے پیش نظر ڈالر کی بڑھتی قیمت کو کنڑول کیا جارہا ہے۔
اسی حوالے سے نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور آپٹما ہاوس میں ایک اعلی سطحی اجلاس اور پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ ڈالر کی قیمت 260 روپے تک گر جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس نے ڈالر باہر روک کے رکھے ہوئے ہیں وہ منگوالیں،جس کے پاس کرنسی موجود ہے وہ وائٹ کروالے۔
بڑھتی قیمت کو روکنے کے لیے ڈالر اسمگلنگ کی سخت نگرانی کی جارہی ہے دوسری جانب ڈالر کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپے 10 پیسے کی کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد انٹربینک میں ڈالر 292 روپے 78 پیسے پر بند ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں؛ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ
ملکی زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے 10 کروڑ ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے نئے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملکی زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، 15 ستمبر کو ختم ہوئے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 10.7 کروڑ ڈالر بڑھ گئے۔
رپورٹ کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ستمبر تک 13 ارب 18 کروڑ ڈالر رہے، مرکزی بینک کے پاس ذخائر 5.64 کروڑ ڈالر اضافے سے 7.69 ارب ڈالر ہوگئے۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی 5.11 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ذخائر 5.49 ارب ڈالر ہوگئے۔