نواز شریف کا کہنا ہے کہ پہلے بھی خلوص کے ساتھ کوشش کی آئندہ بھی کسر نہیں چھوڑیں گے، سبز جھنڈے اور سبز پاسپورٹ کو عزت دلانا نواز شریف کا ایجنڈا ہے، نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا ہے، اگر نواز شریف کی چھٹی نہ کی جاتی تو کوئی بیروزگار نہ ہوتا۔
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لاہور کے حلقہ این اے 130 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا دل چاہتا ہے آپ کیلئے وہ کچھ کروں جس کی طلب آپ مجھ سے کرتے ہو، میں نے پہلے بھی خلوص کے ساتھ کوشش کی آئندہ بھی کسر نہیں چھوڑوں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ آپ بھی جانتے ہیں نواز شریف بے قصور تھا اس کو جان بوجھ کر سزائیں دی گئیں، وہ جج بھی رخصت ہوگیا جو چند ماہ کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان بننا تھا، وہ استعفی دے رہا ہے اور نواز شریف آپ کے سامنے کھڑا ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ نواز شریف تھا تو گھروں میں سکون تھا، خاندان سکون کی زندگی گزار رہے تھے، پیٹرول، آٹا، گھی سستا تھا، آج روٹی بیس روپے کی اور نان 50 روپے کا ہے، وہ زمانہ کہاں گیا، اس زمانے کو واپس لانا ہے آپ کے گھروں کودوبارہ بسانا ہے۔
ن لیگی قائد کا کہنا ہے کہ سبز جھنڈے اور سبز پاسپورٹ کو عزت دلانا ہے یہ نواز شریف کا ایجنڈا ہے، نوجوانوں کو باعزت روزگار دینا ہے، اگر نواز شریف کی چھٹی نہ کی جاتی تو آپ بیروزگار نہ ہوتے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہم نے بڑے زخم کھائے ہیں، ہم بہت پیچھے رہ گئے، ہم انشاء اللہ دنیا میں اپنی عزت کا مقام حاصل کریں گے، میری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں اللہ تعالی آپ کو سلامت رکھے۔