مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ نے پیپلزپارٹی پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام عائد کردیا۔ کہتے ہیں پیپلزپارٹی بعض آزاد اُمیدواروں کو فنڈ کر رہی ہے، پیپلزپارٹی کا زیادہ تر ووٹ پی ٹی آئی کے پاس گیا ہے، اس ووٹر کو متاثر کرنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری ن لیگ کیخلاف بات کررہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ 9 مئی کے کرداروں کو بھولنے کو تیار ہے نہ معاف کرنے کو، پنجاب میں پی ٹی آئی کا ووٹر موجود نہیں،
سماء کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آزاد اُمیدواروں سے پکی بات کی ہوئی ہے، بلاول بھٹو خود آزاد امیدواروں کو ساتھ ملانے کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے پیپلزپارٹی پر ہارس ٹریڈنگ کا الزام لگادیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ 9 مئی کے کرداروں کو بھولنے کو تیار ہے نہ معاف کرنے کو، پنجاب میں پی ٹی آئی کا ووٹر موجود نہیں، اینٹی امریکا ووٹر پی ٹی آئی کیساتھ ہے لیکن اس کی بنیاد سائفر ہے، احتجاج کی حد ہوتی ہے، حد کراس ہوتی ہو تو حق حاصل نہیں رہتا، کوئی ہتھیار اٹھا کر ریاست پر چڑھ دوڑے اور کہے تحفظ دیا جائے تو وہ حاصل نہیں ہوسکتا، پی ٹی آئی نے 9 مئی ہمارے کہنے پر نہیں کیا، 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کیخلاف ایکشن ہوگا۔
ن لیگی رہنماء نے پی ٹی آئی کو طالبان سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کہیں الیکشن لڑنا ہے لیول پلیئنگ فیلڈ دیں تو کیا اجازت دینی چاہئے؟، پی ٹی آئی وہیں کھڑی ہے جہاں 9 مئی کو کھڑی تھی، پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن نے انتخابات سے باہر کیا، سپریم کورٹ نے مہر لگائی، تمام سیاسی جماعتوں کو درست انٹرا پارٹی الیکشن کرانے چاہئیں، پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں جمہوریت کم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ جس نے پریس کانفرنسز میں 9 مئی کی مذمت کی ہم نے اس کو ٹکٹ نہیں دیا، فیصل آباد کے قومی کے 10 میں سے 8 حلقوں میں ہم جیت رہے ہیں، فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے 3 حلقوں پر مقابلہ ہوگا۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ 58 ٹو بی کو کیوں ختم نہیں کیا گیا؟، اسے ختم کرنا چاہئے تھا، پیپلزپارٹی کا زیادہ تر ووٹ پی ٹی آئی کے پاس گیا ہے، اس ووٹر کو متاثر کرنے کیلئے بلاول بھٹو زرداری ن لیگ کیخلاف بات کررہے ہیں، بلاول ثابت کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ وہ نواز شریف کے متبادل ہیں، ووٹر اس بات پر یقین کرتا ہے یا نہیں یہ 8 فروری کو پتہ چلے گا۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء کا کہنا ہے کہ ن لیگ ایک یا 2 نشستوں کے علاوہ پورے لاہور سے الیکشن جیتے گی، ن لیگ کا اب بھی لاہور میں ووٹر موجود ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ ہم نے 16 مہینے میں مہنگائی نہیں کی، یہ پروپیگنڈا ہے، ڈیفالٹ کا خطرہ 16 مہینے میں پیدا نہیں ہوا تھا، حکومت میں آنے کے بعد ہمارے پولیٹیکل کیپٹل کا نقصان ہوا۔