عام انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے حصول کا مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ سرکاری ملازمین اور قیدیوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کیا، دوسری طرف الیکشن کمیشن نے امیدواروں کیلئے نیا ہدایت نامہ بھی جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذریعے سرکاری ملازمین اور پولنگ عملے نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرلیا، جبکہ قیدیوں اور زیر حراست ملزمان کو بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مسلح افواج کے اہلکار، اُن کے اہلخانہ اور خصوصی افراد کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی گئی تھی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کیلئے ہدایت نامہ بھی جاری کردیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں اور امیدوار 6 فروری کی رات 12 بجے تک انتخابی مہم چلاسکتے ہیں، 6 فروری کی رات 12 بجے کے بعد جلسے، جلوس، کارنر میٹنگ اور سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہو گی۔