بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کبھی شوباز، کبھی وسیم اکرم پلس، کیا لاہورکی قسمت میں یہی لکھا ہے، پاکستان کو پرانے سیاستدانوں کے حوالے نہیں کرسکتے، لوگوں کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنا سیاست نہیں، انتقامی سیاست کو دفن کرنا چاہتا ہوں، حکومت میں آکر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن بناؤں گا، دہشت گردوں کا سر کچل دیں گے۔
لاہور کے حلقہ این اے 127 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کبھی شوباز، کبھی وسیم اکرم پلس، کیا لاہور کی قسمت میں یہی لکھا ہے؟، ملک کو ان پرانے سیاستدانوں کے حوالے نہیں کرسکتے، کچھ لوگ سوال کررہے ہیں کہ لاہور الیکشن لڑنے کیوں آیا، ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ لاہور میرا ہے ان کا نہیں ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ، پی ٹی آئی سے انتقام لے رہی ہے، لوگوں کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالنا سیاست نہیں، حکومت میں آکر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن بناؤں گا۔
بلاول نے مزید کہا کہ طاہر القادری جیسے لوگوں کی سیاست میں ضرورت ہے، واپس آئیں، کچھ لوگ سوال کررہے ہیں کہ لاہور الیکشن لڑنے کیوں آیا، ان کو کہنا چاہتا ہوں کہ لاہور میرا ہے، ان کا نہیں، لاہور میں کھڑے ہوکر ہر شخص کو ایک پیغام بھیجنا چاہتا ہوں، عوام مایوس نہ ہوں، حالات ضرور مشکل ہیں، پی پی عوام کی مدد سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرے گی اور ملک کو معاشی بحران سے نکالے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک کو جمہوری بحران سے بھی نکالیں گے، جو دہشت گرد دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں ان کا سر کاٹیں گے، ہم اس ملک کو اکٹھا کرنے آئے ہیں، ملکی مسائل کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، سازش سے پی پی کو اس صوبے سے ہٹایا گیا تو نقصان ہوگا، ہمیں ہٹایا گیا تو کسانوں، سفید پوش طبقے کا نقصان ہوگا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ کوئی ایک بار تو کوئی 3 بار وزیراعظم رہا ہے، یہ عہدے کو سنبھالتے ہوئے عوام کو بھول جاتے ہیں، پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو وعدوں کو پورا کرتی ہے، میں نے اس الیکشن کیلئے خود معاشی معاہدہ تیار کیا ہے، عوام کا ٹیکس اشرافیہ سے واپس لینا چاہتے ہیں۔
بلاول کا کہنا ہے کہ اپنے 10 نکاتی ایجنڈے کےمطابق ریلیف دلانا چاہتا ہوں، آپ کے 300 ارب روپے سالانہ بچانا چاہتا ہوں، اشرافیہ کی سبسڈی ان سے لیکر عوام پر خرچ کرنا چاہتا ہوں، وعدہ ہے عوام کی آمدنی ڈبل کرکے بتاؤں گا، غریب کو مکان دینے کا وعدہ پورا کروں گا، موقع دیں 30 لاکھ گھر بناکر دکھاؤں گا، غریب کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا پیغام پہنچائیں اپنی والدہ کی طرح خدمت کرنا چاہتا ہوں، بی آئی ایس پی کی رقم میں اضافہ کریں گے، لوگوں کو بتائیں کہ بلاول بھٹو زرداری میدان میں ہے، میں آپ کو مزدور کارڈ کے ذریعے آپ کا حق دلاؤں گا، نوجوانوں کو سمجھائیں کہ ووٹ ضائع نہ کریں، اپنے بہتر مستقبل کا بندوبست کریں، نوجوانوں کو اسکلز دلوائیں گے، مالی مدد پہنچائیں گے، میں ظلم اور انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کہہ کہہ کر تھک گئے تھے گالم گلوچ مت کرو، ہماری قیادت نے ہمیشہ کہا سیاسی کارکن کو جیلوں میں نہ رکھو، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو ختم کرنا ہے، سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کیا جاتا، سیاسی قیدیوں کو رہا کریں۔