محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی اور دھند برقرار رہے گی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی، جہاں پارہ منفی 7 تک گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں خشک اور سرد موسم کی لہر جاری ہے، شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب، بالائی سندھ اورخیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور اسموگ چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ کالام منفی 6، گلگت، گوپس منفی 4، استور، دیر، پاراچنار اور راولاکوٹ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ 3 روز کے دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جمعرات کو گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی پختونخوا میں موسم خشک اور خشک رہے گا، جمعہ اور ہفتہ کے روز مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، اس دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند چھائی رہے گی۔
رپورٹ کے مطابق شدید دھند کے باعث پنجاب کے شہروں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے، اگلے چند روز کے دوران جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی بلوچستان کے اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے ہفتہ کے دوران بلوچستان مغربی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی بھی توقع ہے، بالائی سندھ اور جنوبی پنجاب میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔