تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ عین الیکشن کے وقت تحریک انصاف سے بلے کا نشان چھین کر کرائے جانے والے عام انتخابات کو کوئی نہیں مانے گا، جمہوریت کا جنازہ نہ نکالا جائے، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے، ہم نے 850 میں سے 835 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، انصاف کی توقع ہے، پی ٹی آئی کی قیادت جیلوں میں ہے یا غائب ہے، ایک ایک رہنماء کو 12، 12 مرتبہ گرفتار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عین الیکشن کے وقت تحریک انصاف سے بلے کا نشان چھین کر کرائے جانے والے عام انتخابات کو کوئی نہیں مانے گا، جمہوریت کا جنازہ نہ نکالا جائے، دنیا ایسی جمہوریت کو تسلیم نہیں کرے گی۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ بلے کا کیس سپریم کورٹ لائے ہیں، بلا ہمارا ہی نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام سے جڑا معاملہ ہے، کبھی الیکشن کیمشن انتخابی نشان عدالت میں نہیں لایا۔
پی ٹی آئی رہنماء نے سپریم کورٹ سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ عدالت عظمیٰ بلے کا نشان بحال کرائے گی۔
الیکشن کمیشن پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے بولے ایک عینک سے 175 جماعتوں کو جبکہ دوسری عینک سے صرف تحریک انصاف کو دیکھا جارہا ہے۔
مزید تفصیلات جانیے : شفقت محمود کا عام انتخابات 2024 سے دستبردار ہونے کا اعلان
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم نے 850 میں سے 835 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے، ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے۔
پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ ٹکٹس ہم نے ورکرز اور باقی رہنماؤں کو جاری کئے ہیں، قرار داد سینیٹرز کے ضمیر کی آواز نہیں، پتہ نہیں کہاں سے آئی؟، سپریم کورٹ کے دونوں ججز کے مستعفی ہونے کا افسوس ہوا۔