سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے عام انتخابات 2024 سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
شفقت محمود نے لاہور کے ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کے حلقہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جو کہ منظور بھی کر لئے گئے تھے ۔
تاہم، جمعہ کے روز سابق وفاقی وزیر نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا اعلان کیا۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ میں نے این اے 128 اور پی پی 170 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے لیکن اب میں نے الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور میں کسی بھی سیٹ سے امیدوارنہیں ہوں، اللّٰہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو ‘‘۔
میں نے NA130 اور PP170 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے ۔ ۔اب میں نے الیکشن سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور میں کسی بھی سیسٹ سے امیدوارنہیں ہوں۔ اللّٰہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو pic.twitter.com/nOAmkB8Eap
— Shafqat Mahmood (@Shafqat_Mahmood) January 12, 2024
یاد رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے پاکستان تحریک انصاف پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان اکرم راجا متوقع امیدوار ہیں جبکہ استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کی جانب سے عون چوہدری کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔ الیکشن 2024، ن لیگ نے پنجاب سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے حافظ نعمان اس حلقے سے امیدوار تھے تاہم آئی پی پی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی وجہ سے انہیں ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا ہے اور یوں قومی اسمبلی کے اس حلقہ سے صرف دو جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔