الیکشن کمیشن نے وزارت توانائی کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کیلئے انتہائی حساس الیکشن مینجمنٹ سسٹم نصب کررہے ہیں، اس لئے 8 فروری کو انتخابات کے موقع پر نادرا، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن 2024ء کے انعقاد کیلئے وزارت توانائی کو اہم ہدایات جاری کردیں۔ ای سی پی کا کہنا ہے کہ آر او دفاتر میں انتہائی حساس الیکشن مینجمنٹ سسٹم نصب کررہے ہیں، یہ سسٹم نادرا کی مدد اور معاونت سے نصب کیا جارہا ہے، ای ایم ایس کو فعال رکھنے کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی لازمی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بجلی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ نادرا، الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مسلسل بجلی فراہمی یقینی بنائی جائے، ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن و ریٹرننگ افسران دفاتر میں بھی بجلی بلاتعطل فراہم کی جائے۔
ای سی پی کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیاں فراہمی میں تعطل اور جھٹکوں کو روکنے کیلئے فوری اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری 2024ء کو عام انتخابات کیلئے پولنگ ہوگی۔