بلاول بھٹو زرداری نے مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو دل میں تکلیف ہونی ہے، مفت علاج کیلئے رائیونڈ میں اسپتال بنائیں گے، پھر لندن جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، ن لیگ یا پی ٹی آئی کی طرح جھوٹے وعدے نہیں کرتے، سندھ کے ہر ضلع میں اسپتال بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئے گھر بناکر خواتین کو مالکانہ حقوق دیں گے، طلبہ کیلئے بلاسود قرض پروگرام لائیں گے۔
سابق صوبائی وزیر چوہدری غفور پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے، اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رائے ونڈ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مخالفین کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آج تک جو وعدے کئے وہ پورے کئے، میں ناراض نہیں ہوتا، آپ دوست ہی خبر چلا دیتے ہیں، عدلیہ کیلئے مشکل ہے کس طرح ایک کو اہل اور دوسرے کو نااہل کرتی ہے، قائد ن لیگ اور بانی پی ٹی آئی کے الیکشن لڑنے میں قانونی مشکلات ہیں۔
بلاول نے مولانا فضل الرحمان پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سنگین دہشتگردی کے دوران بھی انتخابات میں حصہ لیا، اقتدار میں آکر دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے اقدامات کریں گے، پہلے ن لیگ کے ذریعے پنجاب میں ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی، اس صورتحال میں ایک خلاء پیدا ہوا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے الزام لگایا کہ پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن اشرافیہ کی نمائندہ جماعتیں ہیں، پی پی اپنے بل بوتے پر الیکشن لڑتی ہے، جسے مقابلہ کرنا ہے کرلے۔
انہوں نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہاریوں کو کسان کارڈ دیں گے، نوجوانوں کو معاشی بحران میں مدد کریں گے، ڈگریاں لے کر نوجوان دھکے کھا رہے ہیں، نوجوانوں کو ایک سال کیلئے مالی معاونت کا کارڈ دیں گے، یہی اسکالر شپ طلبہ کو بھی دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی اور بدحالی کے خاتمے کیلئے اصلاحات لانا ہوں گی، پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو سب سے پہلے اپنا منشور لیکر آئی، پیپلز پارٹی کے پاس منشور، پلان اور حکمت عملی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مفت اور معیاری تعلیم دیں گے، مفت اور معیاری علاج فراہم کریں گے، گرین انرجی پارک بنائیں گے، 30 لاکھ گھر غریب ترین لوگوں کیلئے بنائیں گے، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو مفت گھر دیئے ہیں، کچی آبادیوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ اندرونی و بیرونی معاشی بحرانوں کا حل پیپلزپارٹی کے منشور میں ہے، ہم چاہتے ہیں اشرافیہ کا نہیں ہر پاکستانی کا فائدہ ہو، پیپلزپارٹی نے ہر دور میں اپنے منشور پر عمل کیا، ہمارے 10 نکات عوامی مسائل کا حل ہیں، محنت کش کی کم از کم تنخواہ دُگنی کریں گے، 300 یونٹ تک سولر بجلی فراہم کریں گے۔