پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے لاہور کے حلقہ این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے۔
مسلم لیگ ( ن ) کے سابق ممبر پنجاب اسمبلی ( ایم پی اے ) میاں نصیر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کئے تھے جن کے مطابق سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے تجویز اور تائید کنندہ کا تعلق این اے 122 سے نہیں اور الیکشن کمیشن نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 برس کے لیے نااہل کر رکھا ہے۔
میاں نصیر نے استدعا کی تھی کہ عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کیا جائے۔
سکروٹنی کے آخری روز میاں نصیر کے اعتراضات کو منظور کرتے ہوئے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔
ریٹرننگ افسر سجاد احمد قریشی کی جانب سے حتمی لسٹ بھی آویزاں کردی گئی ہے۔
دوسری جانب این اے 122 سے مسلم لیگ ( ن ) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے امیدوار لطیف کھوسہ کے کاغذات نامزدگی کو بھی منظور کر لیا گیا ہے۔