یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات 7 روپے فی لیٹر تک مہنگی ہونے کا امکان ہے۔ آئل انڈسٹری نے مجوزہ اضافے کا ورکنگ پیپر اوگرا کو بھجوا دیا۔
یکم مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور آئل انڈسٹری نے مجوزہ نرخوں سے متعلق ورکنگ پیپر اوگرا کو ارسال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 73 پیسے فی لیٹر اضافے کی سفارش کی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 7 روپے اور لائٹ ڈیزل 5 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا کی جانب سے ورکنگ پیپر کل حکومت کو بھجوایا جائے گا جس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ حکومت ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے قیمتوں سے متعلق فیصلہ کرے گی۔ اگر ٹیکسز اور لیوی میں اضافہ کیا گیا تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں جبکہ ٹیکسز اور لیوی میں کمی کی صورت میں قیمتوں میں اضافہ کم یا قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں۔





















