آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے 7سال مکمل ہونے پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ 27 فروری 2019 کو ہونے والی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے ثابت کیا کہ قومی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ میں مشرق سے آنے والے دشمن کے دانت کھٹے کیے گئے جبکہ اسی عزم اور صلاحیت کا مظاہرہ کل مغربی سرحد پر بھی کیا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشرق ہو یا مغرب، پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا جواب ایک جیسا، فوری اور بھرپور ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان کی غیر نمائندہ حکومت اور پاکستان میں سرگرم شرپسند عناصر کے سرپرستوں کو یہ واضح پیغام ہے کہ پاکستان اپنی سلامتی اور وقار کے دفاع میں کسی مصلحت کا شکار نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج ہر وقت پوری طرح چوکس، تیار اور ہر خطرے کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔






















