بالی ووڈ کے سینئر اسکرین رائٹر اور سپر اسٹار سلمان کے والد سلیم خان کم برین ہیمریج کے بعد ممبئی کے لیلا وتی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، ڈیزی شاہ کا کہناہے کہ ان کی صورتحال مثبت ہے ۔
بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو میں سلیم خان کی صحت سے متعلق تازہ اپڈیٹ شیئر کرتے ہوئے ڈیزی شاہ نے بتایا کہ سلیم خان کی حالت مثبت ہے۔ اگرچہ وہ خود اسپتال میں ملاقات نہ کر سکیں، تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ وہ باقاعدگی سے سلمان خان سے رابطے میں ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سلیم خان کی سرجری کامیاب رہی اور وہ اب خطرے سے باہر ہیں۔ تاہم اس سے قبل ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ باقاعدہ سرجری نہیں کی گئی بلکہ دماغ میں معمولی خون بہنے کے باعث فوری طبی عمل انجام دیا گیا، جس کے بعد وہ سخت نگرانی میں ہیں۔
ڈاکٹر جلیل پارکر نے میڈیا سے گفتگو میں سلیم خان کی حالت کو مستحکم قرار دیا تھا، تاہم بتایا گیا کہ وہ وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔ اہل خانہ کو یہ عوامی بیان پسند نہیں آیا اور انہوں نے رازداری کی اپیل کی ہے۔
دریں اثنا اہل خانہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صحت ایک نجی معاملہ ہے اور وہ میڈیا کے ساتھ مزید تفصیلات شیئر نہیں کرنا چاہتے۔





















