ای سی پی نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم سے متعلق اہم وضاحت کردی۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای ایم ایس کے استعمال سے مکمل مطمئن ہیں، دور دراز کے علاقوں میں انٹرنیٹ رابطے کے مسائل سامنے آئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ رابطے کے مسائل سامنے آئے ہیں، ریٹرننگ افسران کو کچھ دشواریاں پیش آئی ہیں تاہم ای سی پی الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے استعمال سے مکمل مطمئن ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ای ایم ایس کے حوالے سے خدشات اور اندیشے بے بنیاد ہیں، تمام آپریشنل اور آئی ٹی نظام تسلی بخش انداز سے کام کررہا ہے، ای ایم ایس خود کار نظام ہے جس کا متعدد تجربہ بھی کیا جاچکا ہے، عام انتخابات میں کسی قسم کی رکاوٹ اور دشواری کا سامنا نہیں ہے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ ای ایم ایس کا بنیادی مقصد انتخابی نتائج کی ترسیل اور مرتب کرنا ہے، الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا استعمال صرف پولنگ ڈے کو ہوگا، ای ایم ایس سے انتخابی نتائج کی ترسیل کو کوئی خطرات لاحق نہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری 2024ء کو قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ہوں گے، جس کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ 24 دسمبر کو ختم ہوگیا، 25 دسمبر سے کاغذات کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی جو 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔