بھارت کے مغربی ساحل کے قریب بحیرہ عرب میں اسرائیل سے منسلک ایک تجارتی بحری جہاز پر ڈرون حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی فرم ’ایمبرے‘ کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیلی بحری جہاز پر حملہ ہفتہ کو کیا گیا، جس کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی تاہم اسے بغیر کسی جانی نقصان کے بھجادیا گیا۔
ایمبرے نے مزید بتایا کہ ویراول انڈیا سے 200 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، جہاز کے ڈھانچے کو کچھ نقصان پہنچنے کی بھی اطلاع ملی ہے، یہ جہاز اسرائیل سے منسلک تھا۔
غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت کے تناظر میں یہ تازہ واقعہ بحیرہ احمر میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد پیش آیا ہے۔ جن کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیل کے محاصرے میں فلسطینیوں کی مدد کر رہے ہیں۔