ای سی پی کے بلاوے پر سیکریٹری فنانس نے حکام سے ملاقات کی، میڈیا کے سوالات پر سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے الیکشن کمیشن کو فنڈر فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایک دو روز میں فنڈز جاری کر دیں گے۔
عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو مطلوبہ فنڈز کی فراہمی کے معاملہ پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے بلاوے پر سیکریٹری فنانس نے حکام کو بریفنگ دی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کو آئندہ انتخابات کیلئے فوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں، البتہ وزارت خزانہ سے اب تک صرف 10 ارب روپے ملے ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق باقی رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔
اسلام آباد میں ای سی پی حکام سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللہ بوسال نے الیکشن کمیشن کو فنڈر فراہم کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔
سیکریٹری خزانہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ایک دو روز میں مطلوبہ فنڈز جاری کردیں گے، ای سی پی کو جتنے فنڈر درکار ہوں گے، فراہم کئے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کی فہرستیں جاری کردی ہیں، 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کیلئے متعلقہ اداروں کو بھی کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔