الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں تاخیر کی خبروں پر شدید ردعمل کا اظہار کرت ہوئے کہا ہے کہ میڈیا میں آنے والی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ میڈیا میں آنیوالی عام انتخابات میں تاخیر کی خبریں بالکل بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، ای سی پی ان کی پُرزور تردید کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں کی تیاری نہ ہونے کی خبر بھی بالکل جھوٹی ہے، ایسی جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف پیمرا سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ایسی گمراہ کن خبریں پھیلانے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، مختلف چینلز پر چلنے والی خبروں کی ٹرانسکرپٹ اور ریکارڈنگ منگوالی ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات ملک میں عام انتخابات سے قبل ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کا اعلان کیا تھا، جس کی حتمی فہرستوں کیلئے 30 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔
ای سی پی نے عام انتخابات کیلئے 8 فروری 2024ء کی تاریخ دی ہے تاہم فی الحال اس کا شیڈول جاری نہیں کیا گیا۔