وزیراعظم شہباز شریف سے آذربائیجان کے صدر کے خصوصی نمائندے خلف خلفوف نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات، سرمایہ کاری اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور صدر الہام علیووف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے صدر علیووف کو جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دوبارہ دی۔
ملاقات میں دو طرفہ 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے دو طرفہ قریبی رابطے رکھنے پر بھی زور دیا۔ آذربائیجان کے نمائندے نے وزیراعظم کو صدر علیووف کا نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔





















