لاہور میں سانحہ بھاٹی گیٹ پر قائم ہائی پاور کمیٹی نے اپنی انکوائری رپورٹ مکمل کر لی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تین افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ایڈیشنل آئی جی کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں ڈی آئی جی احمد ناصر عزیز ورک اور ڈی آئی جی عمران کشور بھی شامل تھے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے۔ اس کے علاوہ متوفی سعدیہ کے اہل خانہ کے بیانات بھی ریکارڈ کیے گئے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق ایس پی سٹی، ایس ڈی پی او اور متعلقہ ایس ایچ او کی غفلت ثابت ہوئی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ایس پی کی موجودگی میں متوفی خاتون کے شوہر پر ایس ایچ او کے ریٹائرنگ روم میں تشدد کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہائی پاور کمیٹی نے تینوں افسران کو غفلت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے اپنی سفارشات آئی جی پنجاب کو بھجوا دی ہیں۔ افسران کے خلاف کارروائی کا حتمی فیصلہ آئی جی پنجاب کریں گے۔





















