پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر یادگاری سرگرمیوں کا آغاز تخلیقی انداز میں کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں لوگو ڈیزائن مقابلے میں ملک بھر سے نوجوان ڈیزائنرز نے بھرپور شرکت کی۔ کامیاب شرکا کے اعزاز میں اسلام آباد میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
اسلام آباد میں تقریب کے دوران لوگو ڈیزائن مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ڈیزائنرز میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس مقابلے کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی ۔ مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں تخلیقی ڈیزائن موصول ہوئے۔ جامع اور شفاف شارٹ لسٹنگ کے مرحلے کے بعد سرفہرست تین ڈیزائنرز کا انتخاب کیا گیا، جنہیں سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے اعزازات سے نوازا۔
سیکرٹری خارجہ نے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو اجاگر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ چینی سفیر نے بھی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی سرگرمیوں کو سراہا اور پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق لوگو ڈیزائن مقابلہ نومبر دو ہزار پچیس میں وزارتِ خارجہ کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا تھا۔





















