قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے تمام سرکاری اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ملازمین کو کم سے کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
چیئرپرسن نزہت صادق کی زیرِ صدارت اجلاس میں مختلف اداروں میں کم ازکم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی پر عملدرآمد کا معاملہ زیرغور آیا ۔ رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ کئی ادارے کم ازکم ماہانہ اجرت ادا نہیں کرتے ۔ نتاشہ دولتانہ نے کہا کہ سرکاری اداروں میں فرائض سرانجام دینے والے گارڈز کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ تنخواہ ادا نہیں کی جاتی ۔
آغا رفیع اللہ نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈز کی کم ازکم تنخواہ 50 ہزار ہونی چاہیے ، سیکیورٹی گارڈز کے تنخواہوں کا معاملہ انہوں نے سیکرٹری داخلہ سے اٹھایا ہے ،چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ تمام اداروں میں کم سے کم تنخواہ کی ادائیگی پر عملدرآمد ہونا چاہیے جس پر کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ تمام ادارے کم از کم ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی کو یقینی بنائیں ۔
اجلاس میں قومی شاہراہوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں زائد ہونے کا معاملہ بھی زیرغور آیا ۔ این ایچ اے مسلسل قیمتوں کے حوالے سے جانچ پڑتال کررہا ہے ۔ این ایچ اے حکام نے بتایا کہ سروس اور ریسٹ ایریاز کے سولہ کنٹریکٹ معطل کیے گئے ہیں۔قائمہ کمیٹی نے تھرڈ پارٹی کے ذریعے بھی قیمتوں کے حوالے سے جانچ پڑتال کرنے کی ہدایت کی۔





















