اسلام آباد یونائیٹڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے نیوزی لینڈ کے سابق اسٹار کھلاڑی لوک رونکی کو نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ لوک رونکی سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
فرنچائز کے مطابق، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جرسی میں لوک رونکی ہمیشہ شائقین کے پسندیدہ کھلاڑی رہے ہیں اور انہیں پی ایس ایل کی تاریخ کے مؤثر ترین غیر ملکی کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ ٹیم اور شائقین کے ساتھ ان کا مضبوط رشتہ آج بھی برقرار ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اونر علی نقوی کا کہنا ہے کہ ’’لُوک رونکی اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں اور رہیں گے۔ ایک مرتبہ کوئی شیرُو ہو تو وہ ہمیشہ شیرُو رہتا ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ اس سیزن میں لُوک رونکی دستیاب ہوئے۔ وہ ٹیم کے کلچر اور معیار کو بخوبی سمجھتے ہیں اور بطور ہیڈ کوچ ان کی واپسی ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے‘‘
اس موقع پر لوک رونکی نے کہا کہ ’’اسلام آباد یونائیٹڈ ہمیشہ میرے لیے گھر جیسا رہا ہے۔ اس کے شائقین اور پوری آئی ایس ایل یو فیملی کے ساتھ میرا رشتہ واقعی خاص ہے۔ اب بطور ہیڈ کوچ واپسی میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور میں اس عظیم ٹیم کے لیے نئے لیڈرز اور میچ ونرز تیار کرنے کے لیے پُرجوش ہوں۔‘‘
اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ کو امید ہے کہ لوک رونکی کی قیادت میں ٹیم پی ایس ایل 11 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔





















