قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی مذہبی امور نے تحریری سفارشات وزارت مذہبی امور کو ارسال کردیں جس میں کہا گیاہے کہ ہرسال بارہ ربیع الاول کے موقع پر دس رکنی پارلیمانی وفد کو سرکاری خرچ پر روضہ رسول ﷺپر حاضری کے لیے بھیجا جائے۔
سما کو حاصل ہونے والی تحریری سفارشات کےمطابق دس رکنی پارلیمانی وفد کے ہوائی ٹکٹوں کے اخراجات قومی اسمبلی سیکریٹریٹ برداشت کرے گا۔مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران کھانے پینے رہائش اور ٹرانسپورٹ اخراجات بھی قومی اسمبلی کے ذمہ ہوں گے۔
سفارشات کے مطابق پارلیمانی وفد ہر سال بارہ ربیع الاول کو روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دے گا اور پاکستانی عوام کی جانب سے درود و سلام پیش کرے گا۔ وفد کا سعودی عرب میں قیام سات روز پر مشتمل ہوگا اور طبی سہولتیں بھی سرکاری خرچ پر فراہم کی جائیں گی۔ہر پارلیمانی جماعت سے کم از کم ایک رکن وفد میں شامل ہوگا۔
سفارشات میں کہا گیا ہے کہ وفد کے ساتھ ایک پروٹوکول افسر سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کی جامع مسجد کے خطیب کو بطور گائیڈ وفد کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔،سفارشات رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کی سربراہی میں چار رکنی زیلی کمیٹی نے تیار کیں۔ وزارت مذہبی امور سفارشات حتمی منظوری کے لیے اسپیکر کو بھیجے گی۔





















