پاکستان اور میانمار کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔ یادداشت کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اسلام آباد میں میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کےتعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں، میانمار کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پاکستان میانمار میں امن ،ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے پرعزم اور دلچسپی رکھتے ہیں، ثقافت ،سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے مواقع موجود ہیں۔
اس موقع پر میانمار کے وزیر خارجہ نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ مفید بات چیت ہوئی، زراعت ،تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا جائزہ لیا گیا، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے تیار ہیں، مشکلات اور چیلنجزکے باوجود رابطوں کو قابل قدربنائیں گے۔
تھان سوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنائیں گے، سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، مستقبل میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔





















