بالائی علاقوں میں شدید برفباری سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا،مری کی سڑکیں برف سے ڈھک گئیں ۔ لوئر ٹوپہ،نتھیاگلی،جھیکاگلی اور اطراف میں صورتحال ابتر،بجلی کی طویل بندش نے مشکلات مزید بڑھا دیں،انتظامیہ الرٹ،مزید سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد،سوات جانے والے بھی مشکل میں پڑگئے
مالم جبہ تین اورکالام میں ڈھائی فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی، کاغان اور ناران میں گاڑیاں پھنس گئیں محکمہ موسمیات نےمزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے،جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے۔
ایبٹ آباد گلیات اورکشمیر میں کئی روزسےجاری شدید برفباری کا سلسلہ تھم گیا ہےتاہم شدید سردی کی لہر بدستور برقرار ہے،نتھیاگلی میں تین فٹ سےزائدجبکہ ٹھنڈیانی میں چارفٹ تک برف پڑچکی ہے، جس کےباعث معمولاتِ زندگی شدیدمتاثرہوگئےہیں،برفباری کے بعد نتھیاگلی میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ایبٹ آباد میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ایبٹ آباد،گلیات
شدید سردی اوربرف کے باعث ایبٹ آباد سے مری جانے والی مرکزی سڑک تاحال نہ کھل سکی،جبکہ گلیات کے مختلف دیہات کی رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں،گلیات میں گزشتہ دو روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے،جس کے باعث مقامی افراد اورسیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بجلی بند ہونے سے گھروں میں حرارت کا انتظام متاثر ہوگیا ہے جبکہ مواصلاتی نظام بھی درہم برہم ہے۔
انتظامیہ کےمطابق سڑکوں کی بحالی اور بجلی کی فراہمی کے لیے کام جاری ہے، تاہم شدید سردی اور برف کی موٹائی کے باعث امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
آزاد کشمیر
آزادکشمیرمیں بارش اور برفباری کا سلسلہ تھم گیا مگر سردی کی شدت برقرار ہے،رابطہ سڑکیں بند، بجلی فون کا نظام بھی متاثر ہے،اکثر علاقوں میں پارہ نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا جارہا ہے،سات اضلاع میں 15 رابطہ سڑکیں بند ،سڑکوں کو بحال کرنے کا کام آج سے شروع کیا جائے گا، سب سے زیادہ برفباری وادی نیلم میں تین سے چار فٹ ریکارڈ کی گئی۔
ملکہ کوہسار میں چوبیس گھنٹے جاری رہنے والا برفباری کا سلسلہ تھم گیا,مری کی تمام رابطہ سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے
ملک بھر میں شدید سردی کی لہر برقرار، مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کےمطابق مغربی ہواؤں کا موجودہ سلسلہ تیزی سے کمزور ہو رہا ہے،تاہم یہ بالائی خیبر پختونخوا کے علاقوں دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کچھ دیر مزید اثر انداز رہے گا اور آج رات کسی بھی وقت ملک سے نکل جائے گا۔
محکمہ موسمیات نےدو دن بعد ایک نئے مغربی ہواؤں کےسلسلےکی پیشگوئی بھی کی ہے،عرفان ورک کے مطابق نیا سسٹم ویک اینڈ پر اتوارکی شام یا رات کو بلوچستان میں داخل ہوگا،جہاں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔






















