پنجاب حکومت نے نصابی کتب، یونیفارم اور دیگر تعلیمی ساز و سامان کی مخصوص دکانوں سے خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے والدین اور طلبہ کو مخصوص پوائنٹس سے خریداری پر مجبور کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری پبلک نوٹس کے مطابق نجی تعلیمی ادارے والدین کو کسی مخصوص وینڈر یا سروس سے خریداری پر مجبور نہیں کر سکتے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ مخصوص دکان سے اشیاء خریدنے پر مجبور کرنا پنجاب پرائیوٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس کی صریح خلاف ورزی ہے۔
سیکریٹری اسکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کا کہنا ہے کہ قانون موجود ہے اور اس پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے والدین کو ہدایت کی کہ کسی بھی غیر قانونی اقدام کی صورت میں متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹی یا وزیراعلیٰ شکایت سیل میں شکایت درج کرائیں۔






















