سانگھڑ میں ہاری کی بیٹی کے ساتھ وڈیرے کے بیٹے کی مبینہ زیادتی اور تشدد کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔
ایم ایس سول اسپتال حیدرآباد نے متاثرہ لڑکی کے علاج اور مکمل طبی معائنے کے لیے اعلیٰ سطحی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی غرض سے رجسٹرار کو باضابطہ خط ارسال کر دیا ہے۔
خط کے مطابق متاثرہ لڑکی کو گزشتہ روز سانگھڑ سے تشدد کی حالت میں مزید علاج کے لیے سول اسپتال حیدرآباد کے پلاسٹک سرجری وارڈ میں داخل کیا گیا تھا۔
ایم ایس سول اسپتال نے سفارش کی ہے کہ متاثرہ لڑکی کے بہترین علاج اور شفاف میڈیکل اسیسمنٹ کے لیے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل بورڈ قائم کیا جائے۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ مجوزہ میڈیکل بورڈ میں ای این ٹی، پلاسٹک اینڈ برنز، گائناکالوجی اور میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہان کو شامل کیا جائے۔
اس کے علاوہ فزیشن، ڈائگناسٹک اینڈ ریڈیالوجی، آرتھوپیڈک سمیت دیگر متعلقہ شعبہ جات کے ماہرین کو بھی بورڈ کا حصہ بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔






















