بنگلہ دیش نے بھارت میں ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ 2026 کھیلنے سے انکار کر دیاہے اور اپنے موقف پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ سنا دیاہے ۔
بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر نظرِثانی کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ بنگلہ دیش کے یوتھ اینڈ اسپورٹس ایڈوائزر عاصف نذرال نے کہا ہے کہ اس فیصلے پر دوبارہ غور کی کوئی گنجائش نہیں۔
قومی کرکٹرز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصف نذرال کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کے ساتھ اس معاملے میں انصاف نہیں کیا اور میچز کی منتقلی کی درخواست کو نظرانداز کیا۔
عاصف نذرال نے کہا کہ بنگلہ دیش کو اب بھی توقع ہے کہ آئی سی سی اس معاملے میں انصاف کو یقینی بنائے گی، تاہم سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹیم کو بھارت بھیجنا ممکن نہیں۔
بنگلہ دیشی حکام کے مطابق میچز کی منتقلی کے لیے درخواست سکیورٹی خدشات کی بنیاد پر کی گئی تھی، تاہم آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے بغیر ہی ٹورنامنٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے صورتحال مزید غیر یقینی ہو گئی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے کہ آخری لمحوں میں ممکنہ حل تلاش کیے جا رہے ہیں، تاہم حکومت اپنے مؤقف پر قائم ہے۔




















