کراچی میں گل پلازہ سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے فائر سیفٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں پنجاب بھر میں عالمی معیار کے ایکسٹرنل فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے واسا کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کمرشل عمارتوں سے 400 فٹ کے فاصلے پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے جائیں جبکہ ہر ہائیڈرنٹ سے 500 فٹ کے فاصلے پر دوسرا ہائیڈرنٹ لگایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایکسٹرنل فائر ہائیڈرنٹس تنگ بازاروں، مارکیٹس اور کمرشل علاقوں میں نصب کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر استعمال ممکن ہو سکے۔
اس حوالے سے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب نے باقاعدہ مراسلہ سیکرٹری ہاؤسنگ کو ارسال کر دیا ہے، جس میں منصوبے پر فوری عملدرآمد کی سفارش کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد آتشزدگی کے واقعات میں جانی و مالی نقصانات کو کم کرنا اور ریسکیو اداروں کو بروقت سہولیات فراہم کرنا ہے۔





















