ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران دوطرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کی صدر سے ملاقات بھی کی۔
ڈیووس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سائیڈ لائن مصروفیات جاری ہیں۔ تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تھائی لینڈ کے سفارتی تعلقات کی پچھہترویں سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔ فریقین نے دوطرفہ تجارت ، سرمایہ کاری اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کےعزم کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار اور بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس کی صدر میرجانا اسپولیارک کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی سی آر سی کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔





















