سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں عالمی اقتصادی فورم کے چھبیسویں سالانہ اجلاس کے دوران آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سوکار نے پاکستان کے تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری کا عندیہ دے دیا۔
عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر ڈیوس میں آذربائیجان کی سرکاری کمپنی سوکار نے پاکستان کے تیل و گیس شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔ سرمایہ کاری کا اعلان وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔
مشیروزیرخزانہ خرم شہزاد کے مطابق سوکار کی سرمایہ کاری سے ایل این جی، پیٹرولیم سپلائی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سوکار آذربائیجان کی سب سے بڑی کمپنی ہے جس کے اثاثوں کی مالیت 57 ارب ڈالر ہے۔ حکام کے مطابق اس پیشرفت سے پاکستان کے توانائی شعبے پر عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ جبکہ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔





















