انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے واضح کیا ہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو بھارت میں کسی قسم کا سکیورٹی خطرہ لاحق نہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا شیڈول برقرار رہے گا۔ آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق بنگلادیش کے میچز بھارت سے منتقل نہیں کیے جائیں گے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ سے چند روز قبل کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں، جبکہ میچز کی منتقلی سے آئندہ ایونٹس کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی تبدیلی گورننگ باڈی کی غیر جانبداری پر بھی سوال اٹھا سکتی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق تعطل ختم کرنے کے لیے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) سے متعدد رابطے کیے گئے اور انہیں تفصیلی سکیورٹی پلان سے آگاہ کیا گیا۔ تاہم تمام کوششوں کے باوجود بنگلادیش اپنے مؤقف پر قائم رہا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بنگلادیش نے اپنی شرکت کو غیر متعلقہ معاملے سے جوڑے رکھا، جبکہ بی سی بی کا مؤقف کھلاڑیوں کی ڈومیسٹک لیگ میں شمولیت سے متعلق تھا۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ وینیو اور شیڈول سے متعلق فیصلے سکیورٹی جائزے کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں اور اس ضمن میں میزبان ملک کی سکیورٹی گارنٹی کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ آئی سی سی اجلاس میں تمام سکیورٹی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد میچز کو شیڈول کے مطابق رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔




















