حکومت نے دانش سکولز، گھریلو تشدد اور نیشنل کمیشن برائےانسانی حقوق بل پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کر دیئے، حکومت تینوں بلوں میں پیپلز پارٹی کی ترامیم شامل کرنے پر رضامند ہو گئی، پیپلز پارٹی نے مشترکہ اجلاس کی قانون سازی پر حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کا پیپلز پارٹی سے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے ایک اور رابطہ ہوا ہے۔ اسپیکر ایاز صادق اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیپلز پارٹی وفد سے ملاقات کرکے مجوزہ قانون سازی پر اعتماد میں لیا۔ پیپلز پارٹی وفد میں نوید قمر، شیری رحمان، اعجاز جاکھرانی شامل تھے ۔پیپلزپارٹی کو مشترکہ اجلاس کے تین مجوزہ بلوں پر تحفظات تھے۔
ذرائع کے مطابق دانش اسکولز، گھریلو تشدد اور نیشنل کمیشن برائےانسانی حقوق بل پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کر دیئے گئے۔ حکومت نے مشترکہ اجلاس کی قانون سازی میں پیپلز پارٹی کی ترامیم شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ پی پی نے حکومت کو مشترکہ اجلاس کی قانون سازی پر حمایت کی یقین دہانی کرا دی۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ سیشن کے حوالے سے پیپلز پارٹی کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا۔ پیپلز پارٹی نے دانش اسکول سے متعلق بل کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت نے دانش اسکول بل پر ہمارے تحفظ دور کر دیئے ہیں ، بل کی مخالفت نہیں کریں گے۔ حکومت کی جانب سے دانش اسکول بل کل مشترکہ اجلاس میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔






















