وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیوس میں پاکستان پویلین میں بریک فاسٹ میں شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشکلات سے باہر آ چکاہے،اقتصادی استحکام کی جانب گامزن ہے، شرح سود22.5فیصد سے کم ہوکر10.5فیصد ہوگئی، سماجی اشاریے بہتر بنانے کیلئے مشترکہ اور مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو برآمدات پر مبنی ترقی کی راہ اپنانا ہوگی، ملکی نظام میں بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں، ریونیو کلیکشن سسٹم مکمل ڈیجیٹل کر دیا گیا، گزشتہ سال کی زرعی برآمدات انتہائی حوصلہ افزا رہیں، پاکستان میں اب معدنیات کے شعبے میں بڑی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، گلگت بلتستان،آزاد کشمیر میں قدرتی وسائل کی بدولت ترقی کے مواقع کھلے، کےپی اور بلوچستان میں قدرتی وسائل کی بدولت ترقی کے نئے مواقع کھلے، آئی ٹی اور دیگر برآمدات میں حوصلہ افزا ترقی دیکھی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کیلئے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں کو ہنرمند اور تربیت کی فراہمی کیلئے متعدد پروگرام شروع کیے، نیوٹیک نوجوانوں کو عالمی معیار کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ تربیت فراہم کر رہا ہے، نوجوان خلیجی ممالک اور دنیا کے دیگر حصوں میں ملازمتوں کیلئے تیار ہیں، انسداد دہشتگردی میں بھی مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری مکمل شفافیت کے ساتھ کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نجکاری کا عمل مکمل شفافیت سے عمل میں لایا جا رہا ہے، پی ڈبلیوڈی،پاسکو اور یوٹیلیٹی اسٹورز جیسے غیر مؤثر ادارے بند کیے گئے، غیر مؤثر اداروں میں قوم کے اربوں روپے ضائع ہو رہے تھے، اختلافات ہو سکتے ہیں،مشترکہ پروگرام کیلئے اتفاق سب سے اہم ہے، مستقبل انتہائی پُرامید،ملکی ترقی کی راہیں روشن ہیں، اتحاد اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ہی کامیابی حاصل ہو گی۔






















