کراچی کے گل پلازہ میں سرچ آپریشن کے دوران ملبے سے مزید لاشیں نکال لی گئیں ہیں جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 50 سے تجاوز کر گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی نے بتایا کہ گل پلازہ کے میز نائن فلور پر واقع ایک دکان سے 20 سے 25 افراد کی باقیات ملی ہیں، ملنے والی باقیات کو باہر نکالا جا رہاہے ، کوئی بھی لاش مکمل نہیں ہے ، ٹکڑے مل رہے ہیں، کراکری شاپس سے لوگوں کو وائس مسجز بھیجے جانے کی اطلاعات ملی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شناخت کا عمل جاری ہے، مزید لاپتا افراد کےاہلخانہ کے نمونے لیبارٹری ارسال کردیئے گئے۔ ملبے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہے ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے عمارت کا جائزہ لیا اور بظاہرتخریب کاری کےشواہد نہیں ملے۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہناتھا کہ گل پلازہ سے مزید 50سے60 کے قریب انسانی اعضا ملنے کی اطلاع ہے،سرچنگ کررہے ہیں، لاشیں مکمل ہیں یا نہیں،کنفرم نہیں کرسکتے۔
گل پلازہ نقصانات
گل پلازہ کے دکانداروں نے نقصانات کی تفصیلات اکھٹا کرنا شروع کر دی ہیں، اور اس سلسلے میں پلازہ کے 1200 دکاندار ڈی سی آفس کی ہدایت پر کیمپ میں جمع ہو گئے ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ دکانداروں کو نقصان سے متعلق تفصیلات بھرنے کیلئے فارم دیا جائےگا، دکاندار ڈی سی آفس میں اپنے نقصان کی تفصیلات جمع کرائیں گے۔ دکاندار کا کہناتھا کہ ہمیں نقصان کے ازالے کا یقین دلایا گیا ہے۔
پس منظر
یاد ہے کہ ہفتے کی شام گل پلازہ میں لگنے والی آگ کو تقریبا 40 سے زائد گھنٹوں کے بعد بجھایا جا سکا ، جبکہ آتشزدگی سے عمارت کا زیادہ تر حصہ منہدم ہو گیا ۔






















